لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز نے مقناطیس نگلنے والے بچے کی جان بچا لی

05-19-2026

(لاہور نیوز) غلطی سے مقناطیس کا ٹکڑا نگلنے والے بچے کی جان لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بروقت آپریشن کرتے ہوئے بچا لی۔

اہلخانہ کے مطابق بچہ کھیلتے ہوئے مقناطیس کا ٹکڑا منہ میں ڈال بیٹھا جو خوراک کی نالی سے ہوتا ہوا معدے میں جا پہنچا، بچے کی حالت خراب ہونے پر والد فوری طور پر اسے لاہور جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی میں  لے آئے جہاں ڈاکٹرز  نے فوری طبی امداد فراہم کی۔ ڈاکٹروں نے بروقت اینڈوسکوپی کرتے ہوئے بچے کے معدے سے مقناطیس کا ٹکڑا کامیابی سے نکال لیا، یہ پیچیدہ پروسیجر پروفیسر حسن سلیمان ملک اور ڈاکٹر حوریہ رحمان  نے کامیابی سے مکمل کیا۔ پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل  نے ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ بچے کے والد  نے کامیاب علاج پر جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔