لاہور پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ، 138 موٹرسائیکلیں ضبط
05-19-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے شہر بھر میں سنیپ چیکنگ اور ناکہ جات کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کر دیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک 88 ہزار سے زائد گاڑیوں کی چیکنگ کی جا چکی ہے جبکہ 3 لاکھ 72 ہزار سے زائد موٹرسائیکلوں کو بھی چیک کیا گیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ بغیر کاغذات موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 2 ہزار 888 موٹرسائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، قوانین کی خلاف ورزی پر 69 اپلائیڈ فار موٹرسائیکلیں مختلف تھانوں میں بند کروائی گئی ہیں جبکہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی 138 موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ شہر بھر کے چیکنگ پوائنٹس پر گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ذریعے چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے۔ سی سی پی او لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود فورس کی کارکردگی اور کرائم کنٹرول اقدامات کا خود جائزہ لیں، انہوں نے چوری شدہ، ٹمپرڈ اور جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ بلال صدیق کمیانہ کا مزید کہنا تھا کہ مشکوک افراد کا کریمنل ریکارڈ فوری چیک کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت ممکن بنایا جا سکے۔