پنجاب بھر کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش، پولیس ہائی الرٹ

05-19-2026

(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب بھر کی مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کا رش بڑھنے لگا، جبکہ پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات سخت کرتے ہوئے صوبہ بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے کی 222 مویشی منڈیوں میں سکیورٹی کے فرائض انجام دینے کیلئے 4 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ لاہور کی 6 مویشی منڈیوں کی نگرانی کیلئے 600 سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ بیوپاریوں اور خریدار شہریوں کی حفاظت کیلئے جامع سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامیہ کے منظور شدہ مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوسربازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس رسپانس یونٹس اور پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف مسلسل گشت کریں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ترجمان پولیس کے مطابق مختلف ریجنز میں بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت شیخوپورہ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور ڈی جی خان ریجنز کی مویشی منڈیوں پر سینکڑوں اہلکار تعینات ہیں۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔