فیروزپور روڈ پر تیز رفتار موٹرسائیکل دیوار سے ٹکرا گئی، نوجوان جاں بحق
05-19-2026
(لاہور نیوز) فیروزپور روڈ کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک موٹرسائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی ہے جو لاہور کے علاقے نشتر کالونی کا رہائشی تھا، سلیم سروس روڈ پر موٹرسائیکل چلا رہا تھا کہ اچانک تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹرسائیکل سڑک کنارے موجود دیوار سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں سلیم شدید زخمی ہو گیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔