پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، معروف بیکری یونٹ کی پروڈکشن بند

05-18-2026

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے جوہر ٹاؤن اور گردونواح میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر کئے گئے آپریشن کے دوران 23 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جبکہ قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر ایک معروف بیکری یونٹ کی پروڈکشن بند کر دی گئی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق 22 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 27 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔  ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سابقہ دی گئی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، چیکنگ کے دوران کاکروچ، مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار، ناقص صفائی کے انتظامات اور بدبودار ماحول پایا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق قوانین کے برخلاف برتن نان فوڈ گریڈ سرف سے دھوئے جا رہے تھے جبکہ فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، اس کے علاوہ فریزرز کی حالت بھی انتہائی ناقص پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے دن رات کارروائیاں جاری ہیں اور پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے قوانین پر عملدرآمد لازمی ہے۔