برائلر گوشت کے نرخ میں اضافہ، قیمت 519 روپے کلو مقرر
05-18-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 15 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد برائلر گوشت کی نئی قیمت 519 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی، تاہم مختلف علاقوں میں صافی گوشت 600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں بھی 10 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا ریٹ 330 روپے فی کلو مقرر کیا گیا جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 344 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔ پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 358 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے جس کے باعث شہریوں نے قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی 2 روپے فی درجن اضافہ دیکھنے میں آیا، نئے نرخ کے مطابق انڈے 233 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 6 ہزار 870 روپے مقرر کی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ بن رہا ہے۔