پارٹنرشپ نہ بن سکی، بیٹنگ یونٹ کو ذمہ داری لینا ہو گی: بابر اعظم
05-18-2026
(لاہور نیوز) قومی کرکٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ بیٹنگ یونٹ کو ذمہ داری لینا پڑے گی اور پارٹنر شپ لگانی پڑے گی۔
سلہٹ میں جاری بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ پچ بہت اچھی ہے، بال عمدگی سے بیٹ پر آ رہا ہے لیکن ہم پارٹنرشپ نہیں بنا سکے۔ بابر اعظم نے کہا کہ میں نے اور سلمان آغا نے پارٹنر شپ کی کوشش کی، آغاز اچھا رہا لیکن بدقسمتی سے پارٹنر شپ میں ناکام رہے، ناہید رانا ریڈ بال کرکٹ کا ایک فاسٹ باؤلر ہے، ہر ٹیم کے پاس 140 کی سپیڈ سے اوپر کے باؤلرز ہوتے ہیں اور بیٹرز ان کو ہینڈل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نیچرل گیم کھیلنے کی پوری کوشش کی لیکن بعض اوقات آپ رنز کرتے ہیں اور بعض اوقات نہیں، اننگز کا ٹرننگ پوائنٹ میری اور سلمان علی آغا کی وکٹ ہے، ان 2 وکٹوں کی وجہ سے گیم کا مومینٹم تبدیل ہوا۔ بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں، کسی قسم کی کوئی دماغی رکاوٹ نہیں ہے ، بس ہم پلان کے مطابق پارٹنر شپ نہیں بنا پا رہے، ٹیسٹ میچ میں دو تین اچھی پارٹنرشپ کی ضرورت ہوتی ہے۔