میٹر ٹیمپرنگ کے ذریعے لاکھوں کی بجلی چوری بے نقاب، نمائندہ گرفتار
05-17-2026
(لاہور نیوز) بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران لیسکو کے ساؤتھ سرکل کی ٹیموں نے رحمت کالونی میں ایک آئرن ورکشاپ پر چھاپہ مار کر بڑے پیمانے پر بجلی چوری بے نقاب کر دی۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ورکشاپ میں میٹر ٹیمپرنگ کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی، رحمت کالونی میں ہونے والی اس کارروائی میں 87 فیصد سلو میٹر بھی پکڑا گیا جبکہ دو فیز پر شنٹ لگا کر غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کی جا رہی تھی۔ لیسکو حکام نے بجلی چوری ثابت ہونے پر صارف کو 57 ہزار 148 یونٹس کا ڈیٹیکشن بل جاری کیا، جس کی مالیت تقریباً 15 لاکھ روپے بنتی ہے، بجلی چوری کے الزام میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مالک کے نمائندے سیف اللہ کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے، ایکسیئن کوٹ لکھپت اور ایس ڈی او نشتر کالونی نے موقع پر موجود رہ کر کارروائی کی نگرانی کی۔