داتا دربار ترقیاتی منصوبہ، سنگ مرمر کی خریداری اور تزئین و آرائش پر غور
05-17-2026
(لاہور نیوز) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیر صدارت داتا دربار ترقیاتی منصوبے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے داتا دربار ترقیاتی منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کے حالیہ دورہ داتا دربار کے بعد جائزہ اجلاس کے تسلسل میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ معیار کے سنگ مرمر کی خریداری، منصوبے کی تکمیلی ٹائم لائنز، تزئین و آرائش اور خطاطی کے مجوزہ کاموں پر غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، ضلعی انتظامیہ، ٹیپا، بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ، نیسپاک، مدینہ فاؤنڈیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت مقدس مقام کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے پُرعزم ہے جبکہ منصوبے کا مقصد عالمی معیار کی سہولیات اور بہتر ٹریفک نظام کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔