مریم نواز کی صدرآذربائیجان الہام علیوف سے ملاقات، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
05-17-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صدر آذربائیجان الہام علیوف سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تجارت، سیاحت، ثقافت اور معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صدر آذربائیجان الہام علیوف نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ آذربائیجان کے بابائے قوم حیدر علی کے مقبرے پر حاضری قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کرتے ہوئے آذربائیجان کے بابائے قوم حیدر علی کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بابائے قوم کے مقبرے پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے آذربائیجان کی ترقی اور پاک-آذربائیجان دوستی کے فروغ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب یاد گار کوچہ شہداء پہنچیں جہاں انہوں نے آذربائیجانی شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ آزادی اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوموں کا سرمایہ ہوتے ہیں اور پاکستان آذربائیجان کے عوام اور ان کے شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔