لاہور کی ضلعی عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں اضافہ

05-17-2026

(ویب ڈیسک) لاہور کی ضلعی عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے دوران لاہور کی عدالتوں میں زیر التواء مقدمات بڑھ کر 3 لاکھ 21 ہزار 654 تک پہنچ گئے، جبکہ یکم اپریل کو یہ تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 849 تھی۔ اس دوران عدالتوں میں 67 ہزار 554 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 51 ہزار 82 مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ فوجداری عدالتوں میں زیر التواء کیسز میں کمی دیکھی گئی، جو 33 ہزار 309 سے کم ہو کر 31 ہزار 389 رہ گئے۔ اپریل میں فوجداری عدالتوں میں 7 ہزار 754 نئے کیسز دائر ہوئے جبکہ 9 ہزار 316 مقدمات نمٹا دیے گئے۔ سول عدالتوں میں مقدمات کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے، زیر التواء کیسز کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 90 ہزار 265 تک پہنچ گئی۔ اپریل میں سول عدالتوں میں 59 ہزار 800 نئے کیسز دائر ہوئے جبکہ 41 ہزار 766 مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ تحصیل لاہور کی عدالتوں میں 19 ہزار 437 کیسز نمٹائے گئے، تحصیل کینٹ میں 7 ہزار 374 اور تحصیل ماڈل ٹاؤن میں 13 ہزار 183 مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کے مجموعی طور پر 11 ہزار 88 مقدمات نمٹائے گئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جہاں فوجداری عدالتوں میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے، وہیں سول عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ مسلسل بڑھ رہا ہے۔