خبردار! موٹر ویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی
05-16-2026
(لاہورنیوز) موٹرویز پر جانوروں سے لدی گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
سنٹرل ریجن کے ترجمان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران عوامی تحفظ اور ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے، اوورلوڈ اور غیر فٹ گاڑیاں سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جانوروں سے لدی گاڑیوں کو متبادل اور محفوظ راستوں پر منتقل کیا جائے گا، ماضی میں ایسی گاڑیوں کے باعث موٹرویز پر متعدد خطرناک حادثات پیش آ چکے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا پولیس کو انٹری پوائنٹس پر چیک پوسٹس قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان سنٹرل ریجن کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں اور انٹرچینجز کے قریب غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ٹریفک قوانین اور لوڈنگ سٹینڈرڈز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہو گی، پابندی کا مقصد حادثات کی روک تھام اور موٹرویز پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا ہے۔