عیدالاضحیٰ پر میونسپل ملازمین اور سُتھرا پنجاب ورکرز کی چھٹیاں منسوخ

05-16-2026

: وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شکیل احمد میاں اور متعلقہ میونسپل افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مریم نواز کی منظوری سے محکمہ بلدیات نے عیدالاضحیٰ کیلئے خصوصی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، جبکہ عید کے آخری دن تک میونسپل ملازمین اور سُتھرا پنجاب ورکرز کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ اتوار تک پنجاب بھر میں عارضی کیٹل سیل پوائنٹس مکمل طور پر فعال کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر امسال بھی جانوروں کی خرید و فروخت پر کوئی فیس عائد نہیں ہوگی۔ ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ کیٹل مارکیٹ کمپنی کی منڈیاں اور سیل پوائنٹس شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے جبکہ ہر شہر میں میونسپل کمیٹیاں بھی عارضی سیل پوائنٹس قائم کریں گی۔ اجلاس میں غیرقانونی سیل پوائنٹس اور سڑکوں پر جانوروں کی خرید و فروخت کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر شہر میں موٹر سائیکل یا گاڑیوں پر مشتمل مانیٹرنگ ٹیمیں 24 گھنٹے گشت کریں گی جبکہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے رکشوں پر لاؤڈ سپیکرز کے ذریعے اعلانات بھی کرائے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سہولیات سے متعلق نمایاں مقامات پر بینرز آویزاں کئے جائیں اور اگر کوئی بیوپاری جانور پکڑ کر سیل پوائنٹس سے باہر نظر آیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں قربانی کے بعد صفائی ستھرائی کے انتظامات پر بھی خصوصی غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ قربانی کرنے والے گھروں کا سروے کرکے ماحول دوست بیگز تقسیم کئے جائیں اور ہر یونین کونسل میں آگاہی کیمپ لگائے جائیں۔ شکیل احمد میاں نے کہا کہ میونسپل کمیٹیاں اور سُتھرا پنجاب ایجنسیز ایک ٹیم کی طرح کام کریں گی، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کے نوٹیفائی کردہ مقامات کے علاوہ کہیں بھی سیل پوائنٹس قائم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔