مریم نواز کل آذربائیجان کے تین روزہ دورے پر روانہ ہونگی

05-16-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 17 سے 20 مئی تک جمہوریہ آذربائیجان کے شہر باکو کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ آذربائیجان روانہ ہوں گی جہاں انہیں خصوصی ریاستی مہمان کا درجہ حاصل ہوگا۔ دورے کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف 17 مئی کو آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے اہم ملاقات کریں گی، جس میں باہمی تعاون، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مریم نواز شریف باکو اولمپک سٹیڈیم میں منعقد ہونے والے عالمی رہنماؤں کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گی۔ باکو فورم میں 13 رکنی وفد شرکت کرے گا، جس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، وزیر کھیل فیصل ایوب، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، معاون خصوصی علی ڈار، چیف سیکرٹری پنجاب اور وزیراعلیٰ کا عملہ بھی شامل ہوگا۔