رواں سال اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9076 ملزمان گرفتار

05-16-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے رواں سال انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9 ہزار 76 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان پنجاب پولیس  نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ کارروائیاں عمل میں آئیں جہاں 4 ہزار 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 3 ہزار 869 مقدمات درج ہوئے جبکہ ایک لاکھ 12 ہزار 334 پتنگیں اور 4 ہزار 243 ڈور چرخیاں قبضے میں لی گئیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم  نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے کسی بھی علاقے میں پتنگ بازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔ آئی جی پنجاب  نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں کیونکہ پتنگ بازی کے دوران دھاتی ڈور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے، انہوں  نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت فراہم کریں۔