سینیٹ نے مفت اور لازمی تعلیم کے ترمیمی بل 2026 کی منظوری دیدی

05-15-2026

(لاہور نیوز) سینیٹ (ایوانِ بالا) نے مفت اور لازمی تعلیم کے ترمیمی بل 2026 کی منظوری دے دی، جس کے تحت سکولوں کے نصاب میں بڑی تبدیلی، کمپیوٹر سائنس اور کوڈنگ کو اب لازمی مضمون قرار دے دیا گیا ہے۔

سینیٹ کا اجلاس پریذائیڈنگ افسر شیری رحمان کی زیرصدارت شروع ہوا جس میں مفت اور لازمی تعلیم کا ترمیمی بل 2026 پیش کیا گیا۔ ترمیمی بل کے مطابق ایلیمنٹری سے ہائی سکول تک تمام طلبا کے لیے پروگرامنگ سیکھنا اب قانونی طور پر لازم ہو گا جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اب ہر طالب علم کا بنیادی حق بن گئی ہے۔ بل کے مطابق رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2012 میں ترمیم کرتے ہوئے کمپیوٹر تعلیم کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے، سکولوں میں کوڈنگ اور کمپیوٹر سائنس کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ بل کا مقصد طلبا کو عالمی جاب مارکیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے دور کے لیے تیار کرنا ہے، اب صرف پڑھنا لکھنا کافی نہیں، ہر طالب علم کو کمپیوٹر پروگرامنگ بھی سیکھنا ہوگی، سینیٹ سے منظور ہونے والا ترمیمی ایکٹ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔