قومی کرکٹرز کے ساتھ نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان

05-15-2026

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹرز کے ساتھ نئے سال کے کنٹریکٹس میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

موجودہ سنٹرل کنٹریکٹس کا فنانشل ماڈل 30 جون کو ختم ہو جائے گا جبکہ نئے سنٹرل کنٹریکٹس کی مدت یکم جولائی سے شروع ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی فنانشل ماڈل کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔ سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کے دور میں 2023ء میں 3 برسوں کے لیے فنانشل ماڈل متعارف کرایا گیا تھا جسے موجودہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے دور میں تبدیل نہیں کیا گیا لیکن فٹنس اور پرفارمنس کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی کیٹگریز میں ردو بدل کیا جاتا رہا۔ اب یکم جولائی سے نئے سنٹرل کنٹریکٹس کی مدت شروع ہو گی، اس سلسلے میں نئے سنٹرل کنٹریکٹس کے ناموں کے حوالے سے ابتدائی بات چیت جاری ہے۔ گزشتہ برس 30 کرکٹرز کو سنٹرل کنٹریکٹ دیا گیا تھا، پہلی مرتبہ اے کیٹگری میں کوئی کرکٹرز شامل نہیں تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل ہو گا، سنٹرل کنٹریکٹ میں موجود کئی کرکٹرز کی کیٹگریز میں تنزلی اور ترقی ہو گی۔ محمد نواز، عبداللّٰہ شفیق، فہیم اشرف، حسین طلعت اور خوشدل شاہ کی شمولیت کا امکان کم ہے جبکہ ازان اویس اور عبداللّٰہ فضل سمیت ڈومیسٹک پرفارمرز کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔