لاہورہائیکورٹ میں نیا عدالتی روسٹر نافذ، 18 مئی سے 26 ججز مختلف کیسز کی سماعت کرینگے

05-15-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر 18 مئی (سوموار) سے نیا عدالتی روسٹر نافذ العمل ہوگا جس کے تحت 26 ججز مختلف نوعیت کے اہم مقدمات کی سماعت کریں گے، یہ روسٹر 4 جولائی تک لاگو رہے گا۔

نئے شیڈول کے مطابق پرنسپل سیٹ پر اہم اور فوری نوعیت کی درخواستوں کی سماعت کے لیے 26 ججز سنگل بنچ کے طور پر فرائض انجام دیں گے، جبکہ 9 ڈویژن بنچ سول اور فوجداری اپیلوں کی سماعت کریں گے۔ ٹیکس، بنکنگ اور کمرشل اپیلوں کے لیے دو خصوصی ڈویژن بنچ سوموار سے جمعہ تک سماعت کریں گے تاکہ زیر التوا مقدمات کو تیزی سے نمٹایا جا سکے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں ایک دو رکنی بنچ تمام نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کرے گا، جبکہ دیگر دو رکنی بنچ مختلف شعبہ جات میں کیسز سنیں گے۔ ان میں ٹیکس و کمرشل اپیلیں، انسداد دہشت گردی کیسز، سول اپیلیں، قتل و اقدامِ قتل کے مقدمات، منشیات کیسز، اور بینکنگ و ٹیکس ریفرنسز شامل ہیں۔ ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل سید شبیر حسین شاہ نے چیف جسٹس کی منظوری کے بعد یہ عدالتی روسٹر جاری کیا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد کیسز کے بیک لاگ میں کمی اور عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔