انسدادِ پولیو مہم کی تیاریاں مکمل، مؤثر حکمت عملی تیار

05-15-2026

(لاہور نیوز) آئندہ ہفتے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کیلئے نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ گزشتہ مہمات کے دوران سامنے  آنے  والی خامیوں پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا، حکام  کے مطابق شہر کی تمام یونین کونسلز میں پولیو مہم کی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ سو فیصد کوریج یقینی بنائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور  نے کہا کہ گزشتہ دو پولیو مہمات کے دوران ورکرز  نے بہترین نتائج دیئے اور لاہور کی بیشتر یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے مکمل ہوئی، انہوں نے ہدایت کی کہ حساس علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانا ہمارا اہم قومی مشن ہے جبکہ مہم کو کامیاب بنا کر بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جائے گا۔