190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو دلائل دینے کیلئے مہلت
05-15-2026
(لاہور نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو دلائل دینے کیلئے 20 مئی تک آخری مہلت دے دی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے تحریری حکم جاری کر دیا۔ حکم نامے کے مطابق وکیل سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات لینے کیلئے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی، تاہم نیب نے اس درخواست کی مخالفت کی۔ عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ گزشتہ سماعت کے دوران تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور اپیلوں پر دلائل دینے کی ہدایت کی گئی تھی، لیکن آج کی سماعت میں دلائل دینے کے بجائے کمزور وجوہات کی بنیاد پر التوا کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے مزید کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ مرکزی اپیلیں سلمان صفدر کی جانب سے ہی دائر کی گئی تھیں، لہٰذا کیس کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر وکیل کو ایک آخری اور حتمی مہلت دی جا رہی ہے۔ حکم نامے میں ہدایت کی گئی کہ سلمان صفدر تمام ضروری اقدامات مکمل کریں اور آئندہ سماعت، 20 مئی کو اپیلوں پر باقاعدہ دلائل دیں۔