حافظ نعیم الرحمٰن کا پٹرول مہنگائی کے خلاف کل اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان
05-15-2026
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف کل اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ پٹرول پر لیوی 117 روپے تک پہنچا دی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 415 روپے تک پہنچانے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا، جبکہ وزرا قیمتوں میں مزید اضافے کی باتیں کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ بھی مسلسل مہنگی ہو رہی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کی جائے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جائے۔