لاہور میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان، بارش نہ برسنے کی پیشگوئی

05-15-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں آج موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا اور آئندہ ہفتے بھر درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب شہر کی فضائی صورتحال میں معمولی بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے، تاہم فضائی آلودگی اب بھی غیر صحت بخش سطح پر موجود ہے۔ لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 155 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بیدیاں کے علاقے میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی انڈیکس 166 نوٹ کیا گیا۔