ملک بھر کے لئے کریکٹر سرٹیفکیٹ کا نظام یکساں کر دیا گیا
05-14-2026
(ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے بیرون ملک جانے والوں اور ملازمت کے امیدواروں کی آسانی کیلئے پہلی بار ملک بھر کے شہریوں کیلئے کریکٹر سرٹیفکیٹ کا نظام یکساں کر دیا۔
اعلامیہ کے مطابق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کا ڈیٹا یکجا کر دیا گیا۔ پہلی بار ملک بھر کیلئے کریکٹر سرٹیفکیٹ کا نظام یکساں کر دیا گیا ہے، اب شہریوں کو الگ الگ صوبوں کے بجائے صرف نیشنل پولیس بیورو سے ہی سرٹیفکیٹ لینا پڑے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا نیشنل پولیس بیورو میں پاکستانیوں کا مرکزی ریکارڈ محفوظ کر لیا گیا، اب ملک بھر کے شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ ایک جگہ سے جاری ہو گا۔ پولیس ویریفکیشن کا پیچیدہ عمل اب تیز اور مرکزی نظام سے منسلک ہو گیا، شہری گھر بیٹھے آن لائن پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، ملک بھر کا پولیس ریکارڈ پہلی بار ایک ڈیٹا بیس میں شامل کر دیا گیا، اقدام سے بیرون ملک جانے والوں اور ملازمت کے امیدواروں کیلئے بڑی آسانی ہو گی۔