پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور میں کریک ڈاؤن، 3 فوڈ پوائنٹس بند

05-14-2026

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے لاہور میں مختلف فوڈ پوائنٹس پر کریک ڈاؤن کیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور کی سربراہی میں فیروز پور روڈ، کھوکھر ٹاؤن اور گردونواح میں کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق 4 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 3 کو ناقص صفائی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر بند جبکہ ایک فوڈ پوائنٹ کو 1 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، کارروائی کے دوران ایکسپائر اشیاء اور ناقص استعمال شدہ آئل تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ایک ریسٹورنٹ سے ناقص اور مضر صحت استعمال شدہ آئل برآمد کیا گیا جبکہ فنگس زدہ اور بدبودار فریزر میں اشیائے خورونوش ذخیرہ کی جا رہی تھیں، معائنہ ٹیموں  نے ٹوٹے فرش، آلودہ پانی، ناقص انتظامات اور حشرات کی موجودگی پر بھی سخت ایکشن لیا۔ سید موسیٰ رضا کے مطابق لازم خریداری اور آئل تبدیلی کا ریکارڈ موجود نہیں تھا جبکہ چاکلیٹس سمیت دیگر سٹور شدہ اشیاء پر تاریخِ تنسیخ بھی درج نہیں تھی۔ کارروائی کے دوران ملازمین کے میڈیکل اور فوڈ سیفٹی ٹریننگ سرٹیفکیٹس کی عدم دستیابی بھی سامنے آئی جبکہ سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے، ناقص صفائی اور سگریٹ کی باقیات کی موجودگی بھی نوٹ کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک کے کاروبار کیلئے میڈیکل سرٹیفکیٹ اور فوڈ سیفٹی ٹریننگ لازمی ہے، انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ غذائیت سے بھرپور اور محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔