عیدالاضحیٰ پر سکیورٹی اور جرائم کے خاتمے کیلئے اقدامات کا حکم
05-14-2026
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت سول لائنز اور سٹی ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں عیدالاضحی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، جرائم کی روک تھام اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ عیدالاضحی کے دوران مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے اور منشیات کی سپلائی چین میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ اجلاس میں شہر بھر میں گٹکا فروشی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ایس پیز کو جرائم کی بیخ کنی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔ سی سی پی او لاہور نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن کی قطعاََ کوئی گنجائش نہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت پر متعلقہ ایس پی ذمہ دار ہو گا۔ انہوں نے پتنگ بازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بلال صدیق کمیانہ نے افسران کو ہدایت کی کہ مظلوم شہریوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔