پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کو علاج کیلئے فنڈز فراہم

05-14-2026

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم کے پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کیلئے علاج معالجے کے اقدامات جاری ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کے علاج کیلئے 8 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے۔ سیریبل پالسی کے مرض میں مبتلا 721 بچوں کو ماہانہ 20 ہزار روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 6 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد رقم فراہم کی گئی۔ اسی طرح تھیلیسیمیا سے متاثرہ 171 بچوں کو طبی اخراجات کیلئے ماہانہ 30 ہزار روپے جبکہ مجموعی طور پر 1 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق مختلف سنگین بیماریوں میں مبتلا 38 بچوں کو علاج معالجے کیلئے 62 لاکھ روپے سے زائد فراہم کئے گئے، جبکہ کینسر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مرض میں مبتلا 6 بچوں کیلئے 10 لاکھ 60 ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے گئے۔ دل اور گردوں کے امراض میں مبتلا 5 بچوں کو 11 لاکھ 90 ہزار روپے جبکہ قوت سماعت کے مختلف عارضوں کا شکار 13 بچوں کو علاج معالجے کیلئے 8 لاکھ 72 ہزار روپے سے زائد رقم دی گئی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ پولیس ملازمین کے مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے کیلئے بہترین اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مختلف معروف ہسپتالوں کے ساتھ ایم او یوز کے تحت رعایتی نرخوں پر علاج کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کی زندگی آسان اور باوقار بنانے کیلئے محکمہ بھرپور ویلفیئر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔