پنجاب کے ایک ہزار سکولوں میں کھیلوں کے میدان تعمیر کرنے کا فیصلہ

05-13-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزراء فیصل ایوب کھوکھر اور رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پنجاب بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بڑے فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں پنجاب کے ایک ہزار سکولوں میں کھیلوں کے میدان تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ انٹر سکول مقابلہ جات کے ذریعے ایک ہزار باصلاحیت بچوں کو ماہانہ وظائف دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر  نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام گراس روٹ لیول سے شروع کیا جائے گا اور انٹر سکول مقابلوں کے مختلف مراحل میں پنجاب بھر سے 25 لاکھ بچے شرکت کریں گے۔ انہوں  نے بتایا کہ جہاں گراؤنڈز موجود نہیں وہاں چھوٹے سپورٹس کورٹس قائم کئے جائیں گے، جبکہ پنجاب میں پہلی بار یونین کونسل سطح پر کھیلوں کے گراؤنڈز تیار کئے جائیں گے، سکول گراؤنڈز شام کے اوقات میں عام شہریوں کیلئے بھی کھلے رہیں گے اور پنجاب سپورٹس بورڈ اپنی کرکٹ ٹیم بھی تشکیل دے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اجلاس میں بتایا کہ ایک ہزار سکولوں میں ٹیچنگ انٹرنز فراہم کئے جائیں گے، جبکہ کھیلوں کے فروغ کیلئے خصوصی انٹرنز بھی تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین اور بچیوں کو کھیلوں میں برابری کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور بچیوں کیلئے ان ڈور سپورٹس سہولیات یقینی بنائی جائیں گی۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ “کھیلتے سکول” پروگرام کے حوالے سے ہر ماہ کے پہلے ہفتے مشترکہ صدارت میں اجلاس منعقد کیا جائے گا۔