جعلسازوں کا پی ٹی اے کے نام پر فراڈ شروع، ایڈوائزری جاری
05-13-2026
(لاہور نیوز) آن لائن فراڈ کیلئے اب جعلسازوں نے پی ٹی اے کا نام استعمال کرنا شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق جعلساز پی ٹی اے نمائندہ بن کر فون اور ای میل کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرنے لگے، تاہم عوام کو آن لائن فراڈ سے بچانے کیلئے پی ٹی اے نے ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ پی ٹی اے کبھی بھی صارفین سے ذاتی یا خفیہ معلومات طلب نہیں کرتا، پی ٹی اے کے نام پر آنے والی کسی بھی کال، ایس ایم ایس یا ای میل پر اعتماد نہ کریں، پی ٹی اے کے نام سے موصول ہونے والی مشکوک کال یا ای میل کی فوری اطلاع دی جائے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آن لائن فراڈ سے بچنے کیلئے ای میل اور ایس ایم ایس بھیجنے والے کی شناخت لازمی کریں، مشکوک لنکس پر کبھی کلک نہ کریں، سوشل میڈیا، ای میل یا ایس ایم ایس سے موصول ہونے والے مشکوک لنکس آپ کا ڈیٹا چوری کر سکتے ہیں، تاہم کسی بھی مشکوک یا مشتبہ لنک کی پی ٹی اے کو فوری اطلاع دیں۔ پی ٹی اے ایڈوائزری کے مطابق اپنی ذاتی معلومات ، پاسورڈ ، پن کوڈ ، شناختی کارڈ نمبر اور بنک اکاؤنٹ کی تفصیلات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔