ایف آئی اے کا حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار

05-13-2026

(لاہور نیوز)ایف آئی اے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کی جانب سے عمل میں لائی گئی، گرفتار ملزمان کی شناخت عبد الرحیم اور محمد فہیم کے نام سے ہوئی ہے، جو افغان نیشنل ظاہر ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو میکلوڈ روڈ لاہور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، ملزمان آٹو سپیئر پارٹس کے کاروبار کی آڑ میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے 10 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی، موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی برآمد کئے گئے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ نیٹ ورک سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔