میٹرک پریکٹیکل امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے سخت ہدایات جاری
05-13-2026
(لاہور نیوز) چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات مزمل محمود نے میٹرک کے پریکٹیکل امتحانات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
مزمل محمود کے مطابق بازار سے بنی بنائی یا کسی دوسرے کی تیار کردہ پریکٹیکل کاپی عملی امتحان میں کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی، انہوں نے واضح کیا کہ صرف وہی امیدوار نمبر حاصل کر سکیں گے جو اپنی پریکٹیکل کاپی خود تیار کریں گے۔ چیئرمین ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ ایگزمینر عملی بک کی تصدیق امیدوار کی اپنی لکھائی سے کرے گا تاکہ نقل اور بے ضابطگیوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ہر امیدوار کی پریکٹیکل نوٹ بک چیک کرنے کے بعد اسے پھاڑ دیا جائے گا تاکہ دوبارہ استعمال کا امکان ختم ہو جائے۔ مزمل محمود نے خبردار کیا کہ جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔