لاہور میں قومی وائٹ بال کیمپ 15 مئی سے شروع ہوگا

05-13-2026

(لاہور نیوز) نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قومی وائٹ بال کیمپ 15 مئی سے لاہور میں شروع ہوگا جو 21 مئی تک جاری رہے گا، کیمپ میں 28 کھلاڑی ٹریننگ سیشنز اور پریکٹس میچز میں حصہ لیں گے۔

کیمپ کا انعقاد آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ایک روزہ سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا کوچنگ اسٹاف قومی وائٹ بال ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی تربیت کرے گا۔ کیمپ میں عامر جمال، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، عرفات منہاس، فیصل اکرم، فخر زمان، حیدر علی، حمزہ نذر، حارث رؤف، حنین شاہ، خواجہ محمد نافع، معاذ صداقت، مہران ممتاز، محمد فائق، محمد حسنین، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، سعد بیگ، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے فاسٹ بولرز عبدالسبحان اور علی رضا بھی وائٹ بال کیمپ کا حصہ ہوں گے۔