چیف جسٹس پاکستان سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات
05-12-2026
(لاہور نیوز) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے یورپی یونین کے وفد نے ملاقات کی اور عدالتی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق یورپی یونین کے وفد کی قیادت سفیر ریمونڈس کاروبلس نے کی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی نظام کو شفاف، تیز اور عوام دوست بنانے کیلئے اصلاحات سے آگاہ کیا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے ٹیکنالوجی پر مبنی عدالتی اصلاحات اور انصاف تک آسان رسائی سے آگاہ کیا اورکمرشل تنازعات کے فوری حل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کیلئے متبادل تنازعاتی نظام پر زور دیا۔ اِسی طرح اُنہوں نے خواتین کیلئے ویمن فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام کے منصوبے سے آگاہ کیا جبکہ جبری گمشدگیوں سے متعلق ادارہ جاتی ردعمل اور عدالتی آزادی کے تحفظ پر بھی گفتگو کی۔ دوسری جانب یورپی یونین نے عدلیہ کی شفافیت، احتساب اور قانون کی حکمرانی کیلئے اقدامات کو سراہا، ملاقات میں انسانی حقوق، عدالتی کارکردگی اور جامع طرز حکمرانی کے فروغ پر اتفاق ہوا۔ سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے یورپی یونین کے وفد کو خیرسگالی کے طور پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔