پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی :عظمیٰ بخاری
05-12-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں عوامی مفاد کے کئی بڑے فیصلے کیے گئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کے حالیہ اجلاس میں بڑے عوامی مفاد کے فیصلے کیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہر اجلاس میں عوامی فلاح کو ترجیح دیتی ہیں۔ اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنی انشورنس کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پنجاب کے سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو انشورنس سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے جبکہ پہلی مرتبہ کچے کی ترقی کے لیے 23 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ”اپنا کھیت اپنا روزگار“ سکیم کے تحت کچے کے علاقوں کے لوگوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے، اس سکیم میں اب تک 2 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ 30 ہزار لاٹس کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے کسانوں کی خود سرپرست ہیں اور حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید بتایا کہ پنجاب کابینہ نے مینارٹی کارڈ کے فنڈز میں اضافے کی منظوری بھی دی ہے، پنجاب حکومت کے تمام فیصلے عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں اور صوبے میں منصوبوں کے صرف اعلانات نہیں بلکہ انہیں دنوں میں مکمل بھی کیا جاتا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کا منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کرنا اب ملک گیر معیار بن چکا ہے، اور اگر کوئی صوبہ کسی منصوبے میں رہنمائی یا تعاون چاہتا ہے تو پنجاب حکومت کے دروازے کھلے ہیں۔