لیسکو کی مختلف سب ڈویژنز میں بجلی چوروں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن
05-11-2026
(لاہور نیوز) لیسکو نے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد مقامات پر غیر قانونی کنکشن اور بجلی چوری پکڑ لی۔
ترجمان لیسکو کے مطابق گڑھی شاہو اور بلال گنج کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی بجلی چوری پکڑی گئی، جس پر متعلقہ کنکشن فوری طور پر منقطع کر دیے گئے۔ ایسٹرن سرکل شالامار کے علاقے میں غوثیہ ملک شاپ پر بھی بجلی چوری پکڑی گئی، جہاں ایس ڈی او ڈیوس روڈ سب ڈویژن کی نگرانی میں محکمانہ اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ناردرن سرکل کی بلال گنج سب ڈویژن میں ایک پریس انڈسٹری میں بجلی چوری کی نشاندہی ہوئی، لیسکو حکام کے مطابق بجلی چوری میں ملوث صارفین کو بھاری جرمانے اور ڈیٹیکشن بلز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوری کرنے والے ایک کنکشن پر تقریباً 25 لاکھ روپے کا بل چارج کیا جائے گا جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے، ایس ناردرن مزمل حسین اور ایس ای ایسٹرن عمر بلال کی نگرانی میں کارروائیاں کی گئیں۔