لاہور ہائیکورٹ: 100 جوڈیشل افسران کے تبادلوں کے احکامات جاری
05-11-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ایک سو جوڈیشل افسران کے تبادلے کر دئیے، تبدیل ہونے والوں میں دو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور 98 سینئر سول ججز شامل ہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف اضلاع میں خدمات انجام دینے والے جوڈیشل افسران کے تبادلے اور نئی تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایچ آر لاہور ہائیکورٹ محمد انوار الحق کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میانوالی تعینات کر دیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میانوالی ناصر حسین کو تبدیل کر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایچ آر لاہور تعینات کر دیا ہے، دونوں ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 12 مئی تک اپنی نئی تعیناتیوں پر رپورٹ کریں۔ دوسری جانب صوبہ بھر میں سینئر سول ججز کے بھی بڑے پیمانے پر تبادلے کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر کے 98 سینئر سول ججز کو مختلف اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے، سینئر سول جج کریمنل ڈویژن لاہور شفقت عباس مگھیانہ کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں سینئر سول جج کریمنل ڈویژن ڈی جی خان تعینات کیا گیا ہے۔ سینئر سول جج فیملی ڈویژن لاہور سید فہیم احمد شاہ کو تبدیل کرکے سینئر سول جج کریمنل ڈویژن بھکر تعینات کر دیا گیا۔ اسی طرح سینئر سول جج جے ایس سی اینڈ ایم او سی لاہور مظہر گیلانی کو تبدیل کرکے سینئر سول جج سول ڈویژن حافظ آباد تعینات کیا گیا ہے جبکہ محمد کاشف عثمان شبیر کو سرگودھا سے تبادلہ کرکے سینئر سول جج فیملی ڈویژن لاہور مقرر کیا گیا ہے۔ سینئر سول جج محمد جمیل کو فیصل آباد سے تبادلہ کرکے سینئر سول جج کریمنل ڈویژن لاہور تعینات کیا گیا جبکہ محمد شہباز کو حافظ آباد سے تبدیل کر کے سینئر سول جج جے ایس سی اینڈ ایم او سی لاہور تعینات کر دیا گیا ہے۔ تمام تبدیل ہونے والے سینئر سول ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 مئی تک اپنی نئی تعیناتیوں کا چارج سنبھال لیں۔