ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے، سی ٹی او لاہور
05-11-2026
(لاہور نیوز) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے لائسنسنگ سینٹر اور ڈرائیونگ سکول ڈیفنس کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مختلف مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سی ٹی او لاہور نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے سہولیات، عملے کے رویے اور ٹیسٹنگ کے نظام سے متعلق استفسار کیا۔ انہوں نے سائن ٹیسٹ اور روڈ ٹیسٹ کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ سی ٹی او لاہور نے ہدایت جاری کی کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے تمام شہریوں کی ٹیسٹنگ ویڈیوز محفوظ رکھی جائیں تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لائسنسنگ سینٹرز میں کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کو صرف معطل نہیں بلکہ ملازمت سے برخاست کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام ڈرائیونگ سنٹرز میں خواتین اور سینئر سٹیزنز کو ترجیحی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔