پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، معروف کنفیکشنری یونٹ بند

05-11-2026

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں پر معروف نہاری، فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ اور کنفیکشنری یونٹ بند کر دیئے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر رائیونڈ روڈ، داتا گنج بخش ٹاؤن اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کارروائیاں کی گئیں، 5 مختلف فوڈ یونٹس پر چھاپوں کے دوران 3 مالکان کو مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق نہاری اور دیگر کھانوں کی تیاری میں کھلے اور ناقص مصالحہ جات استعمال کئے جا رہے تھے جبکہ کچن میں حشرات کی بھرمار اور تعفن زدہ ماحول پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گندے، بدبودار اور فنگس زدہ فریزرز میں ڈیری مصنوعات اور گوشت کو اکٹھا ذخیرہ کیا گیا تھا، مزید برآں آئل تبدیلی کا ریکارڈ، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ معائنہ ٹیموں نے خام اور تیار اشیاء پر تاریخِ اجراء اور تاریخِ تنسیخ درج نہ ہونے، پروسیسنگ ایریا میں نسوار اور سگریٹ نوشی، جبکہ غیر فلٹر شدہ پانی کے استعمال جیسے سنگین نقائص بھی سامنے آنے کی نشاندہی کی۔ سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور صحت دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔