آئی جی پنجاب کا منشیات سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم
05-11-2026
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے منشیات کے بڑے ڈیلرز، سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ڈرگ فری پنجاب ویژن کے تحت پنجاب بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلرز کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ بڑے ڈرگ ڈیلرز، سمگلرز اور سپلائی چین میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف 17 ہزار 171 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 17 ہزار 167 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، کارروائیوں کے دوران 9 ہزار 285 کلوگرام چرس، 1002 کلوگرام ہیروئن، 505 کلوگرام آئس، 510 کلوگرام افیون اور 2 لاکھ 45 ہزار لٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں سال 2102 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2037 مقدمات درج کئے گئے، لاہور میں کارروائیوں کے دوران 723 کلوگرام چرس، 74 کلوگرام ہیروئن، 180 کلوگرام آئس، 21 کلوگرام افیون اور 12 ہزار 146 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں، انہوں نے تعلیمی اداروں، کالجز، یونیورسٹیوں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور منشیات کی آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔