بغیر لائسنس ڈرائیورز کی گاڑیاں موٹرسائیکلیں بند، آج شہربھرمیں جنرل ہولڈ اپ
05-10-2026
(لاہور نیوز) شہر میں کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف آج بڑے پیمانے پر جنرل ہولڈ اپ کیا جائے گا، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسرسید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران کم عمر ڈرائیورز کے خلاف چالان کے ساتھ ان کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بند کر کے تھانوں میں منتقل کی جائیں گی۔ سی ٹی او کے مطابق لرنر پرمٹ یا ایکسپائر لائسنس کے ساتھ گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کار یا موٹرسائیکل لائسنس پر کمرشل گاڑی چلانے کی اجازت نہیں، جبکہ بسوں، ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے پی ایس وی لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح ٹرک، ٹرالر اور دیگر ہیوی وہیکلز کے ڈرائیورز کے پاس ایچ ٹی وی لائسنس ہونا ضروری ہے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام لائسنس دفاتر آج چھٹی کے باوجود معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، جبکہ دفاتر کے باہر خصوصی ناکہ جات بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ بغیر لائسنس افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے لرنر پرمٹ، ڈپلیکیٹ اور لائسنس کی تجدید کی آن لائن سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہر میں 11 ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹرز، 2 موبائل وینز اور 20 فسیلی ٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ کم عمر ڈرائیورز اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔