پنجاب پولیس افواج پاکستان کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار ہے :آئی جی پنجاب
05-10-2026
(لاہور نیوز) معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس ہر مشکل گھڑی میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران اور اہلکار معرکۂ حق کی تقریبات میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں، جبکہ ریلیوں اور دیگر پروگرامز میں بھی ان کی موجودگی یقینی بنائی جا رہی ہے، تمام تقریبات کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عوام محفوظ ماحول میں ان تقریبات میں شریک ہو سکیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پنجاب پولیس کے افسران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پولیس نے دشمن کی جانب سے داغے گئے میزائلز اور ڈرونز کے ملبے کو محفوظ بنانے سمیت فوری رسپانس اور دیگر اداروں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن کا مظاہرہ کیا۔ اسی نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں متعدد پولیس افسران کو حالیہ دنوں میں ستارۂ امتیاز سے نوازا گیا۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں ڈی آئی جیز رائے بابر سعید، کامران عادل، وقاص نذیر اور سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی شامل ہیں، جبکہ ایس ایس پیز حسن اقبال، بلال ظفر اور معاذ ظفر بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔ آئی جی پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب پولیس ملک کی سلامتی اور امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔