وزیراعظم کی قیادت میں عوامی ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں: وزیر خزانہ
05-09-2026
(لاہورنیوز) وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوامی ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی استحکام جاری ہے، ملکی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، بڑی صنعتوں کی پیدوار میں بھی اضافہ ہوا ہے، برآمدات میں سالانہ 14فیصد اضافہ ہوا ہے،خطے میں کشیدگی کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین برقرار رہی۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں عوامی ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں، بیرونی ادائیگی بروقت یقینی بنائی جارہی ہے، خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشیں جاری ہیں۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اپریل کے دوران 3.54 ارب ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ ہوئی، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 32 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، اپریل کے دوران ترسیلات زر میں مستحکم رجحان ریکارڈ ہوا۔ وزیر پٹرولیم علی پرویزوزیر پٹرولیم علی پرویز کا کہنا تھا کہ ملک چیلنجز کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائی، عالمی سطح پر پٹرولیم قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا،مشکل وقت میں تعاون پر سعودی حکومت کے مشکور ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ قطر اور یو اے ای کے بھی شکرگزار ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی مد میں عوام کو اربوں روپے کی سبسڈی دی گئی، صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے بھرپور رہنمائی کی، بجلی کی پیداواری لاگت کم سے کم کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔