ماہرین نے فالج کے مرض کا عندیہ دینے والی 3 عام نشانیاں بتا دیں
05-09-2026
(ویب ڈیسک) ماہرین نے انسانی جسم میں ظاہر ہونے والی 3 ایسی عام نشانیوں کا سراغ لگا لیا ہے جو فالج جیسے جان لیوا مرض کا عندیہ دیتی ہیں۔
عام مطالعے کے مطابق فالج کی 2 اقسام ہیں، ایک برین ہیمرج جس میں دماغی شریان پھٹ جاتی ہے جبکہ دوسری قسم میں دماغ کو خون پہنچانے والی شریان بلاک ہو جاتی ہے جس سے آکسیجن کی کمی ہوتی ہے اور دماغ کو نقصان پہنچتا ہے۔ فالج کے شکار فرد کا فوری علاج نہ ہو تو موت کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کا خطرہ بڑھانے والے عناصر اور علامات پر نظر رکھنا ضروری ہے۔ چین کے جیانگ یونیورسٹی سکول آف میڈیسن کی تحقیق میں بتایا گیا کہ مسلز کے حجم میں کمی، ہاتھوں کی کمزور گرفت اور سست روی سے چلنے سے کسی فرد میں فالج کے خطرے میں اضافے کا عندیہ ملتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کے مسلز کی مضبوطی گھٹ جاتی ہے، ان میں کسی بھی قسم کے فالج کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، اسی طرح ہاتھ کی کمزور گرفت سے فالج کا خطرہ 7 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، جبکہ چلنے کی سست رفتار سے فالج کا خطرہ 64 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ اس تحقیق میں 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی، یہ سب افراد شروع میں فالج سے محفوظ تھے اور پھر ان کی صحت کا جائزہ کچھ برسوں تک لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ مسلز کے حجم میں کمی، ہاتھ کی گرفت میں کمزوری اور چلنے کی رفتار میں کمی اور فالج کے زیادہ خطرے کے درمیان تعلق موجود ہے۔