پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا

05-09-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں خود ساختہ اضافے کا نوٹس لے لیا، عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانسپورٹرز کے مابین کرائے نہ بڑھانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے، کچھ ٹرانسپورٹرز  نے کرائے نہ بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کر دیا، محکمہ ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹرز سے کرائے نہ بڑھانے کے بیان حلفی لے لئے۔ سیکرٹری آر ٹی اے لاہور رانا محسن کا کہنا ہےکہ مختلف نجی ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرائے نہ بڑھانے کا بیان حلفی جمع کروا دیا ہے، کرایوں میں خودساختہ اضافہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام بس اڈوں پر چھاپہ مار ٹیمیں متحرک کر دی گئیں، حکومتی فیصلے کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ قبل ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز  نے کرایوں میں اضافہ کیا تھا، پبلک ٹرانسپورٹرز  نے 100 روپے سے  لے کر 450 روپے تک کرایوں میں اضافہ کیا۔ لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ 3630 روپے سے بڑھا کر 3800 روپے کر دیا گیا، لاہور سے پشاور کا کرایہ 4240 روپے سے بڑھا کر 4460 روپے کر دیا گیا، لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1730 سے بڑھا کر 1810 روپے کر دیا گیا۔ لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 1580 روپے سے بڑھا کر 1655 روپے کر دیا گیا، لاہور سے ملتان کا کرایہ 2890 روپے سے بڑھا کر 3050 روپے کر دیا گیا، لاہور سے بہاولپور کا کرایہ 3630 روپے سے بڑھا کر 3800 روپے کر دیا گیا، لاہور سے احمد پور کا کرایہ 3710 روپے سے بڑھا کر 3890 روپے کر دیا گیا۔ لاہور سے سوات کا کرایہ 4480 روپے سے بڑھا کر 4700 روپے کر دیا گیا، لاہور سے کراچی کا کرایہ 9720 روپے بڑھا کر 10170 روپے کر دیا گیا۔