تاجروں نے عید پر لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ کر دیا

05-09-2026

(لاہور نیوز) لاہور کی مختلف مارکیٹوں، بازاروں، چین سٹورز اور گراسری شاپس کے تاجروں نے عید کے موقع پر ممکنہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطالبہ کر دیا۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عید کے دن کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے اور یہ سال کا سب سے اہم تجارتی سیزن ہوتا ہے، اس لئے حکومت مارکیٹوں کو 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دے۔ ایک تاجر  نے کہا کہ عید کے دوران دکانیں مسلسل کھلی رہنے سے نہ صرف کاروبار میں بہتری آئے گی بلکہ معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ چیئرمین ریٹیل چین کے مطابق عید پر تاجروں کو اچھی سیل کی توقع ہوتی ہے، اس لئے تجارتی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے بجائے سہولت دی جانی چاہئے۔ تاجروں  نے مؤقف اختیار کیا کہ گراسری سٹورز اور سپر مارکیٹس عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرتے ہیں، اس لئے ان کی مسلسل دستیابی شہریوں کیلئے ضروری ہے۔ لاہور سپر مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ عید کے دنوں میں بڑی تعداد میں شہری خریداری کیلئے مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں، اس لئے دکانوں کے کھلے رہنے سے عوام کو سہولت ملے گی۔ تاجر نمائندوں  نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ عید کے موقع پر مارکیٹوں کو کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور شہری آسانی سے خریداری کر سکیں۔