مون سون سے قبل واٹر ٹینکس کی تعمیر مکمل کی جائے، ذیشان رفیق کی ہدایت

05-09-2026

(لاہور نیوز) وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مون سون سے قبل واٹر ٹینکس کی تعمیر مکمل کی جائے۔

صوبائی وزیر ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام  نے شرکت کی، اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 52 شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو محکمہ بلدیات کی نگرانی میں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر ذیشان رفیق نے کہا کہ مریم نواز کے “سوہنا پنجاب پروگرام” کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیشتر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے جبکہ جہاں ضرورت ہو وہاں نائٹ شفٹ بھی شروع کی جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جا سکیں۔ وزیر بلدیات نے اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی یقینی بنائیں، اجلاس میں بتایا گیا کہ لائننگ پائپ ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کر دی گئی ہے اور اس کی مقامی سطح پر پیداوار بھی شروع ہو چکی ہے۔ ذیشان رفیق  نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث ممکنہ تعطل کو مدنظر رکھتے ہوئے مون سون سے پہلے واٹر ٹینکس کی تکمیل کی ہر ممکن کوشش کی جائے، روڈ سائیڈ واٹر ٹینکس برساتی پانی کی فوری نکاسی میں مددگار ثابت ہوں گے جبکہ ڈرینج سسٹم کی بہتری سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔