پنجاب پولیس خدمت مراکز سے رواں سال 15 لاکھ سے زائد شہری مستفید

05-09-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے خدمت مراکز شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال اب تک 15 لاکھ 65 ہزار سے زائد شہریوں  نے مختلف پولیس سروسز حاصل کیں، 6 لاکھ 5 ہزار سے زائد شہریوں  نے جنرل پولیس ویریفیکیشن کروائی جبکہ 3 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد  نے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کئے، اسی طرح 3 لاکھ 59 ہزار سے زائد شہریوں  نے کرایہ داری اندراج کروایا۔ ترجمان کے مطابق 55 ہزار 107 شہریوں کو میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے جبکہ کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے جاری اقدامات کے تحت 42 ہزار سے زائد افراد کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کیا گیا۔ خدمت مراکز کے ذریعے 13 ہزار 707 شہریوں  نے وہیکل ویریفیکیشن کروائی، 34 ہزار 898 شہریوں  نے دستاویزات گمشدگی کے اندراج جبکہ 1327 افراد نے جرائم رپورٹ کی رجسٹریشن کروائی۔ اسی دوران 74 ہزار سے زائد شہریوں  نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں جبکہ 23 وویمن وائلنس رپورٹس بھی درج کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق 65 ہزار 226 شہریوں  نے ایمپلائیز رجسٹریشن (ROPE) کروائی جبکہ 950 شہریوں  نے نجی ملازمت کیلئے پولیس ویریفیکیشن حاصل کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم  نے کہا ہے کہ پولیس خدمت مراکز عوامی خدمت کی فراہمی کا ایک شاندار فلیگ شپ پراجیکٹ ہیں جہاں شہریوں کو 24 گھنٹے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس خدمت مراکز، تھانوں اور دیگر عوامی مقامات پر شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شائستہ رویہ اختیار کیا جائے۔