مہاجر پرندوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے: مریم نواز

05-09-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خوبصورت اور دلکش مہاجر پرندے قدرت کا انمول عطیہ ہیں جو فطرت کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے مہاجر پرندوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مہاجر پرندے زمین کی زرخیزی میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں، اس لیے ان کے قدرتی ماحول اور محفوظ مسکن کا تحفظ بے حد ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب مہاجر پرندوں سمیت قدرتی حیاتیاتی اثاثوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ غیر قانونی شکار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کے تحفظ، محفوظ ماحول کی فراہمی اور جنگلی حیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست اور دیرپا حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ مریم نواز شریف نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ دار شہری بن کر مہاجر پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ پرندے فطرت کا حسین ورثہ ہیں اور ان کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔