غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
05-08-2026
(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے رجسٹریشن اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے۔
محکمہ کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ایجوکیشن کو خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں اضلاع بھر کے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں، مراسلے میں سات روز کے اندر مکمل کمپلائنس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ سکولوں کے خلاف قانونی کارروائی، جرمانے اور ریکوری سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر سرکاری اور نجی دونوں تعلیمی اداروں کیلئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے، تمام سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ سکولوں کی رجسٹریشن، سیفٹی اور دیگر ریگولیشنز پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔