بہاولنگر، دودھ فراڈ مافیا کے سرغنہ دو ملزمان کو عدالت نے سزا سنا دی
05-08-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے روزانہ لاکھوں لٹر جعلی دودھ تیار کرنے والے گروہ کے خلاف بڑی قانونی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمان کو سزا دلوا دی۔
عدالت نے دودھ فراڈ مافیا کے سرغنہ مقصود بھٹی اور اس کے شریک ملزم زین العابدین کو مجموعی طور پر 12 سال 6 ماہ قید اور 75 لاکھ روپے فی کس جرمانے کی سزا سنائی، دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ صدر بہاولنگر اور سٹی اے ڈویژن میں درج مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا گیا۔ فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق ملزمان دودھ میں پاؤڈر، کیمیکل اور دیگر ممنوعہ اجزاء ملا کر جعلی دودھ تیار کرتے اور مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے، مقصود بھٹی روزانہ لاکھوں لٹر جعلی دودھ مارکیٹ میں فراہم کرتا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے بین الصوبائی آپریشنز کے دوران ملزمان کے تمام یونٹس سربمہر کئے گئے جبکہ ان کے نیٹ ورک کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا گیا، گزشتہ برس خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی نے بھی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ یونٹس بند اور مقدمات درج کئے تھے۔ ترجمان کے مطابق پی ایف اے کی لیگل ٹیموں کے مؤثر دلائل کے بعد عدالت نے ملزمان کو سزائیں سنائیں، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی افسران کو فرائض بہادری اور دیانتداری سے انجام دینے پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مضر صحت خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور صحت دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا رہے گا۔