ایجوکیشن اتھارٹی کے دفاتر میں انتظامی عہدوں کیلئے سکریننگ ٹیسٹ کا فیصلہ

05-08-2026

(لاہور نیوز) پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام پنجاب بھر میں ایجوکیشن اتھارٹی کے دفاتر میں انتظامی عہدوں پر تعیناتی کیلئے سکریننگ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پیکٹا حکام کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز) کے عہدوں کیلئے سکریننگ ٹیسٹ 11 مئی کو منعقد ہو گا، جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کیلئے ٹیسٹ 12 مئی کو لیا جائے گا۔ تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ٹیسٹ کے انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، حکام کے مطابق امیدواروں کا ٹیسٹ جدید طریقہ کار کے تحت آن لائن ٹیب یا کمپیوٹر پر لیا جائے گا۔ پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ گریڈ 16 سے گریڈ 19 تک کے سینکڑوں افسران نے مختلف انتظامی عہدوں کیلئے درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں، سکریننگ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو انٹرویو کے بعد پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعینات کیا جائے گا۔